امریکا نے ایک ایرانی بحری جہاز کو روک کر اپنے قبضے میں لے لیا ہے، جس کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔ اس واقعے کی ویڈیو بھی امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کی جانب سے جاری کی گئی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق امریکی فوج نے آبنائے ہرمز میں ایک ایرانی جہاز کو اس وقت روکا جب وہ امریکی ناکہ بندی کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جہاز ایرانی پرچم بردار مال بردار کشتی ہے جس کا نام "توشکا” بتایا جا رہا ہے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکی بحریہ نے جہاز کو روکنے کے لیے اس کے انجن روم کو نشانہ بنایا، جس کے باعث جہاز آگے بڑھنے کے قابل نہ رہا اور اسے قابو میں لے لیا گیا۔
دوسری جانب ایران نے اس کارروائی پر سخت ردعمل دیا ہے۔ ایران کی جوائنٹ ملٹری کمانڈ خاتم الانبیا کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے یہ کارروائی کھلی جارحیت ہے اور اسے بہت جلد جواب دیا جائے گا۔
ایرانی ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکی فوج نے ایک تجارتی بحری جہاز پر فائرنگ کر کے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے، جسے وہ کسی صورت نظر انداز نہیں کریں گے۔
یہ واقعہ ایسے وقت پر پیش آیا ہے جب خطے میں پہلے ہی کشیدگی موجود ہے، اور اس تازہ صورتحال نے حالات کو مزید حساس بنا دیا ہے۔
سیو آور پاک
