ایرانی فوج نے امریکہ کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی بحریہ آبنائے ہرمز کے قریب آنے سے بھی گریز کرے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی افواج کے ترجمان نے واضح کیا کہ تمام تجارتی جہاز اور آئل ٹینکرز آبنائے ہرمز میں داخل ہونے یا گزرنے سے پہلے ایرانی حکام سے رابطہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اہم سمندری راستے کی سیکیورٹی مکمل طور پر ایرانی افواج کے کنٹرول میں ہے اور ہر قسم کی نقل و حرکت نگرانی کے تحت ہونی چاہیے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے لیے ضروری ہے کہ تمام جہاز ایرانی مسلح افواج کے ساتھ رابطے میں رہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔
ایرانی فوج کے مطابق اگر ایران کے کسی بھی حصے کو کسی بھی قسم کا خطرہ لاحق ہوا تو اس کا سخت اور فوری جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ امریکی اقدامات خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتے ہیں اور خلیج میں موجود جہازوں کی سلامتی کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں پھنسے ہوئے جہازوں کو نکالنے کے لیے امریکا آج سے "پروجیکٹ فریڈم” شروع کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ بات چیت مثبت انداز میں جاری ہے اور امریکا غیر جانبدار ممالک کے جہازوں کو محفوظ راستہ فراہم کرنے کی کوشش کرے گا۔
سیو آور پاک
