وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ آپریشن “بنیان مرصوص” کے دوران اللہ کی خاص مدد شامل رہی، جبکہ پاکستان کی خفیہ ایجنسیوں اور افواجِ پاکستان نے معرکۂ حق میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق پاک افواج نے کامیابی حاصل کر کے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے بھارت کو بھرپور اور سخت جواب دیا۔ انہوں نے بتایا کہ نئی دہلی میں پاکستانی ڈرونز کی موجودگی نے دشمن میں خوف پیدا کر دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی اللہ کے فضل اور پوری قوم کی حمایت سے ممکن ہوئی، کیونکہ ہر پاکستانی اپنی فوج کے ساتھ کھڑا رہا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک بھر میں معرکۂ حق کی کامیابی پر مختلف تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے بھارت کی طرح خفیہ حملے نہیں کیے بلکہ کھل کر جواب دیا۔ ان کے مطابق معرکے کے دوران ملنے والی اہم معلومات نے کامیابی میں بڑا کردار ادا کیا، جبکہ پاکستانی میزائلوں نے انتہائی درستگی کے ساتھ بھارتی اہداف کو نشانہ بنایا۔
محسن نقوی نے بتایا کہ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی میں انٹیلی جنس اداروں کا کردار بہت اہم رہا۔ پاکستان کو پہلے ہی اندازہ تھا کہ بھارت کن مقامات کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت کی جانب سے کیے جانے والے سائبر حملے بھی ناکام بنا دیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے معرکۂ حق کے دوران مرکزی کردار ادا کیا اور وہ مسلسل ایئر چیف اور نیول چیف سے رابطے میں رہے۔ وزیراعظم شہباز شریف بھی ہر وقت عسکری قیادت سے رابطے میں موجود تھے۔
وزیر داخلہ کے مطابق پاکستان کے مؤثر جواب کے بعد بھارت خوفزدہ ہوگیا تھا، اسی لیے اس نے جنگ بندی کے لیے مختلف ممالک سے رابطے کیے اور امریکا سے بھی مدد طلب کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر جنگ بندی نہ ہوتی تو بھارت کو کہیں زیادہ نقصان اٹھانا پڑتا۔
محسن نقوی نے کہا کہ بھارتی طیارے اور حساس علاقے پاکستان کے ریڈار پر موجود تھے، جبکہ اب بھارت دوبارہ جارحیت کرنے سے پہلے کئی بار سوچے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر آئندہ کسی قسم کی جارحیت کی گئی تو پاکستان پہلے سے بھی زیادہ سخت جواب دے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان روزانہ دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے اور بلوچستان و خیبر پختونخوا میں کئی دہشت گرد حملے ناکام بنائے جا رہے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر افغانستان دہشت گردی میں ملوث پایا گیا تو اسے بھرپور جواب دیا جائے گا۔
محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ مشکل وقت میں صدر مملکت اور وزیراعظم بنکرز میں جانے کے بجائے عوام اور اداروں کے ساتھ کھڑے رہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ فیلڈ مارشل، صدر مملکت اور وزیراعظم کی مشترکہ قیادت ملک کے لیے مثبت نتائج لائے گی۔
وزیر داخلہ نے عوام سے کہا کہ فیلڈ مارشل پر اعتماد رکھیں، قوم کو توقع سے زیادہ بہتر نتائج ملیں گے۔ انہوں نے امریکا اور ایران مذاکرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان مذاکرات میں کئی بار معاملات بنتے اور بگڑتے رہے۔
سیو آور پاک
