وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے انکشاف کیا ہے کہ اسلام آباد میں ایک بڑے خودکش حملے کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا، جبکہ کارروائی کے دوران ایک خاتون خودکش بمبار کو گرفتار بھی کر لیا گیا۔
کوئٹہ میں گرفتار خاتون کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے بتایا کہ یہ خاتون خودکش حملے کے مشن پر تھی اور اسے اسلام آباد میں اہم ہدف دیا گیا تھا۔ ان کے مطابق انٹیلی جنس اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کے اس خطرناک منصوبے کو ناکام بنایا اور ملک کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گردوں کا بلوچ روایات اور ثقافت سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف حکومت بچیوں کو تعلیم دینا چاہتی ہے، جبکہ دوسری طرف دہشت گرد معصوم لڑکیوں کو خودکش جیکٹس پہنا کر استعمال کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گرفتار خاتون کو عزت اور احترام کے ساتھ اس کے والد کے حوالے کیا جا رہا ہے۔
سرفراز بگٹی نے مزید بتایا کہ دہشت گرد تنظیمیں خواتین کو دھوکے اور دباؤ کے ذریعے اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس خاتون کو دھمکی دی گئی تھی کہ اگر اس نے خودکش حملہ نہ کیا تو اس کے والد کو قتل کر دیا جائے گا۔
انہوں نے انٹیلی جنس اداروں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بروقت کارروائی نے پاکستان کو ایک بہت بڑے سانحے سے محفوظ رکھا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ بلوچ خواتین کبھی بھی ایسی جنگ کا حصہ نہیں رہیں، اور یہ انتہائی افسوسناک بات ہے کہ کچھ عناصر اپنے ذاتی مفادات کے لیے بلوچ بچیوں کا استعمال کر رہے ہیں۔
سیو آور پاک
