وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے ڈپلومیٹک انکلیو میں قائم چینی سفارتخانے کا دورہ کیا، جہاں چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان سکیورٹی تعاون، انسداد دہشت گردی، پولیس ایکسچینج پروگرام اور دیگر اہم معاملات پر تفصیلی گفتگو کی گئی، جبکہ خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر بھی بات ہوئی۔ اس حوالے سے فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان میں چینی سرمایہ کاروں کو درپیش سکیورٹی مسائل کے حل کے لیے ایک بزنس کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں پاکستان میں موجود چینی بزنس کمیونٹی سے ملاقاتیں کی جائیں گی، جبکہ دوسرے مرحلے میں نئے ممکنہ سرمایہ کاروں سے رابطہ کیا جائے گا۔
محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان میں موجود غیر ملکی شہریوں، خاص طور پر چینی باشندوں کی حفاظت کے لیے ایک سپیشل پروٹیکشن یونٹ قائم کیا جا رہا ہے۔ یہ یونٹ اسلام آباد میں رہنے والے چینی شہریوں کی سکیورٹی کو یقینی بنائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس یونٹ کے اہلکاروں کو تربیت کے دوران چینی زبان بھی سکھائی جائے گی تاکہ دونوں ممالک کے درمیان رابطہ مزید آسان اور مؤثر ہو سکے۔
سیو آور پاک
