پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان نے افغانستان میں موجود دہشتگرد عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں کی ہیں، اور آئندہ بھی ہر دشمن کی جارحیت کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنے گا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے غلام اسحٰق خان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی، ٹوپی (صوابی) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے طلبہ اور اساتذہ سے ملاقات کے دوران موجودہ سیکیورٹی صورتحال، پاک افغان سرحدی کشیدگی، اور سوشل میڈیا کے کردار پر تفصیلی گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان اس ملک کا مستقبل ہیں اور ان کی تعلیم، شعور اور حب الوطنی ہی ترقی کی اصل بنیاد ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے اس بات پر زور دیا کہ قوم کے نوجوان دشمن کی پروپیگنڈا جنگ کے خلاف سب سے مضبوط ہتھیار ہیں، اس لیے ان کا کردار قومی استحکام میں انتہائی اہم ہے۔اس موقع پر طلبہ اور اساتذہ نے پاک فوج کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک میں امن، ترقی اور اتحاد کے لیے وہ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔
طلبہ کا کہنا تھا کہ ایسی بامقصد نشستیں ملک کے نوجوانوں کو ڈس انفارمیشن اور منفی پروپیگنڈے سے بچانے میں مددگار ثابت ہوں گی۔
سیو آور پاک
