لاہور: پنجاب حکومت نے شہریوں کے لیے ایک ایسا سنہری موقع فراہم کر دیا ہے جس کے ذریعے لوگ صرف ایک اطلاع دے کر 10 ہزار روپے نقد انعام حاصل کر سکتے ہیں۔ یہ اعلان صوبے بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف بڑے پیمانے پر شروع کی گئی کارروائی کے بعد سامنے آیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق پولیس نے ان افغان باشندوں کے خلاف سخت ایکشن شروع کر دیا ہے جو بغیر قانونی دستاویزات کے پنجاب میں رہائش یا کاروبار کر رہے ہیں، جب کہ متعدد افراد جعلی شناختی کارڈ استعمال کرنے میں بھی ملوث پائے گئے ہیں۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ جو شہری کسی غیر قانونی افغان شہری کی موجودگی کی اطلاع دے گا، اسے فی کیس 10 ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔ پولیس نے یقین دہانی کروائی ہے کہ اطلاع دینے والے افراد کی شناخت کو مکمل طور پر خفیہ رکھا جائے گا۔
اس حوالے سے آئی جی پنجاب نے صوبے کے تمام ایس ایچ اوز کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اطلاع دینے والے شہری کو انعام کی رقم فوری طور پر ادا کی جائے، تاکہ عوام کو اس مہم میں شامل ہونے کی حوصلہ افزائی ملے۔
حکام کے مطابق یہ مہم صرف ان افراد کے خلاف نہیں جن کے پاس قانونی کاغذات نہیں، بلکہ ان مکان مالکان، دکانداروں اور کاروباری افراد کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی جو غیر قانونی افغان باشندوں کو جگہ فراہم کرنے یا ملازمت دینے میں ملوث پائے جائیں گے۔
مزید برآں، ایسے افغان شہری جو سیاحتی یا طبی ویزے پر پاکستان داخل ہوئے اور یہاں غیر قانونی کاروبار چلانے لگے، ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ ایسے افراد کی اطلاع دینے والوں کو بھی 10 ہزار روپے فی اطلاع انعام دیا جائے گا۔
پنجاب پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیں اور مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع فوری طور پر قریبی تھانے یا مددگار ہیلپ لائن پر دیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کارروائی میں تاخیر نہیں کی جائے گی اور اطلاع دینے والوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
اعداد و شمار کے مطابق نومبر کے آغاز سے پاکستان میں غیر قانونی افغان باشندوں کی گرفتاریوں میں 150 فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔ صرف چند دنوں میں 7 ہزار 764 افغان شہری گرفتار کیے گئے، جن میں زیادہ تر کا تعلق چاغی، اٹک اور کوئٹہ سے ہے۔
اسی عرصے میں افغانستان واپس جانے والے یا ملک بدر کیے گئے افراد کی تعداد بھی بڑھ کر 37 ہزار 448 تک پہنچ گئی ہے، جن میں سے:
- 47% PoR کارڈ ہولڈر
- 44% بغیر دستاویزات
- 93% وہ افراد تھے جو مکمل طور پر غیر قانونی طور پر ملک میں داخل ہوئے تھے۔
یہ مہم صوبے میں سیکیورٹی اور نظم و نسق کو بہتر بنانے کے لیے حکومت کے اہم اقدامات میں سے ایک قرار دی جارہی ہے۔
سیو آور پاک
