جمعرات , 4 جون 2026 | 1 USD = 278.541604 PKR
ایک تولہ سونا ریٹ = 461500.00 روپے
ایران جنگ کے خطرے کے بعد پاکستان کا بڑا فیصلہ، پٹرول ذخیرہ کرنے کی تیاری
ایران جنگ کے خطرے کے بعد پاکستان کا بڑا فیصلہ، پٹرول ذخیرہ کرنے کی تیاری

ایران جنگ کے خطرے کے بعد پاکستان کا بڑا فیصلہ، پٹرول ذخیرہ کرنے کی تیاری

پاکستان نے مستقبل میں ممکنہ توانائی بحران سے بچنے اور تیل کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کے لیے ملک میں اسٹریٹجک پٹرولیم ذخائر قائم کرنے کا اہم فیصلہ کر لیا ہے۔ اس منصوبے کے لیے عالمی ماہرین اور بین الاقوامی کنسلٹنٹس کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔

رپورٹس کے مطابق وزارتِ توانائی نے اس مقصد کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو عالمی معیار کے مطابق مکمل منصوبہ بندی، تکنیکی جائزے اور مرحلہ وار عملدرآمد کے حوالے سے سفارشات تیار کرے گی۔

یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران جنگ، آبنائے ہرمز میں بڑھتی کشیدگی اور عالمی سپلائی چین میں ممکنہ رکاوٹوں کے باعث پاکستان کو توانائی بحران کا خدشہ لاحق ہے۔

وزارتِ پٹرولیم کے اعلامیے کے مطابق 8 رکنی کمیٹی اپنا پہلا اجلاس 11 مئی کو کرے گی جبکہ 14 مئی تک اپنی سفارشات وفاقی وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک کو پیش کرے گی۔ کمیٹی بین الاقوامی کنسلٹنٹس، مالیاتی ماہرین اور قانونی اداروں کے انتخاب کے لیے ٹینڈر دستاویزات بھی تیار کرے گی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان اس وقت تیل اور ایل این جی درآمد کرنے کے لیے زیادہ تر مشرق وسطیٰ پر انحصار کرتا ہے، جبکہ ملک میں ایسا مؤثر اسٹریٹجک پٹرولیم ریزرو سسٹم موجود نہیں جو کسی ہنگامی صورتحال میں مدد دے سکے۔ اسی وجہ سے اگر خطے میں کشیدگی یا جنگ بڑھی تو توانائی سپلائی متاثر ہونے کا خطرہ موجود ہے۔

عرب نیوز کے مطابق حالیہ دنوں میں قطر سے ایل این جی سپلائی میں تعطل کے بعد پاکستان نے 6 مئی کو اسپاٹ ایل این جی خریدنے کے لیے ٹینڈر جاری کیا تھا، لیکن بعد میں موصول ہونے والی تمام بولیاں مسترد کر دی گئیں۔

اعلامیے کے مطابق منتخب کنسلٹنٹس پاکستان میں مجوزہ ذخیرہ گاہوں کے تکنیکی، حفاظتی، مالیاتی اور قانونی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیں گے۔ اس کے ساتھ موجودہ انفراسٹرکچر، لاجسٹکس اور رابطہ نظام کا بھی معائنہ کیا جائے گا تاکہ مستقبل میں انہیں مؤثر طریقے سے استعمال کیا جا سکے۔

پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس کی ایک حالیہ تحقیق میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر آبنائے ہرمز تین ماہ تک بند رہی تو عالمی سطح پر خام تیل کی قیمت 150 ڈالر فی بیرل تک پہنچ سکتی ہے۔ اس صورتحال میں پاکستان کا ماہانہ درآمدی بل 3.5 سے 4.5 ارب ڈالر تک بڑھنے کا امکان ہے۔

تحقیق کے مطابق ایسی صورتحال میں ملک میں مہنگائی کی شرح بھی تیزی سے بڑھ سکتی ہے اور موجودہ 7 فیصد سے بڑھ کر 17 فیصد تک جا سکتی ہے۔

About A.M JAN

Check Also

گلگت بلتستان کیلئے نواز شریف کے وعدوں نے سب کو حیران کر دیا

گلگت بلتستان کیلئے نواز شریف کے وعدوں نے سب کو حیران کر دیا

مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ …

جواب دیں