خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف دو بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 13 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پہلا آپریشن ضلع خیبر کے علاقے باڑہ میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر کیا گیا۔ اس دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 10 دہشت گرد مارے گئے۔ فورسز نے کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے بھی مکمل طور پر تباہ کر دیے۔
اسی طرح دوسرا آپریشن بنوں کے علاقے میں کیا گیا، جہاں مزید 3 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔ سکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں کلیئرنس آپریشن بھی جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ تمام کارروائیاں "عزمِ استحکام” مہم کے تحت کی جا رہی ہیں، جس کا مقصد ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہے۔ فورسز اس بات کے لیے پرعزم ہیں کہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کو جڑ سے ختم کیا جائے۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
صدر مملکت نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک کے دفاع کے لیے سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف ایک مضبوط دیوار کی طرح کھڑی ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ فورسز نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت سے باڑہ اور بنوں میں دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا اور حکومت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشت گردوں کا انجام ہمیشہ عبرتناک ہوتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردوں اور ان کی پشت پناہی کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔
سیو آور پاک
