وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں عوامی سہولت کے لیے بڑے فیصلے کیے گئے، جن میں سب سے اہم نارمل پاسپورٹ کے اجرا کے وقت کو کم کرنا ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اب نارمل پاسپورٹ 21 دن کے بجائے صرف 14 دن میں شہریوں کو فراہم کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد لوگوں کو جلد اور آسان سہولت دینا ہے۔
اجلاس میں وزیر مملکت طلال چوہدری بھی شریک تھے، جبکہ وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔
محسن نقوی نے ہدایت دی کہ بزنس پاسپورٹ کے اجرا کے نظام کو جلد مکمل کیا جائے تاکہ کاروباری افراد کو مزید سہولت دی جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے پاسپورٹ دفاتر میں اگلے 15 دنوں کے اندر مکمل کیش لیس نظام نافذ کرنے کا بھی ٹاسک دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جب ادائیگی مکمل طور پر ڈیجیٹل ہو جائے گی تو ایجنٹ مافیا خود بخود ختم ہو جائے گا اور عام شہریوں کو براہ راست فائدہ ملے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پاسپورٹ سسٹم کو جدید بنانے اور عوام کو بہتر سہولت دینے کے لیے پاسپورٹ اتھارٹی کا قیام نہایت ضروری ہے، جس پر جلد کام کیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ پہلے نارمل پاسپورٹ کی ڈلیوری میں 21 دن لگتے تھے، لیکن اب یہ مدت کم کر کے 14 دن کر دی گئی ہے، جس سے شہریوں کو بڑا ریلیف ملے گا۔
سیو آور پاک
