وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لانس نائیک محمد محفوظ شہید کو ان کی بے مثال بہادری، جرات اور عظیم قربانی پر زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ لانس نائیک محمد محفوظ شہید نے 1971 کی جنگ میں غیر معمولی شجاعت کا مظاہرہ کیا اور ایسی مثال قائم کی جو ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہید نے انتہائی مشکل اور خطرناک مشن کو مکمل کرتے ہوئے اپنی جان وطن پر قربان کی اور شہادت کا اعلیٰ مقام حاصل کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ کے مطابق لانس نائیک محمد محفوظ کی قربانی نے میدانِ جنگ کی صورتحال بدل دی اور دشمن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔ انہوں نے دشمن کی سب سے مضبوط دفاعی پوزیشن کو خاموش کر کے اپنی جرات اور بہادری کا عملی ثبوت دیا، جو آج بھی تاریخ کا روشن باب ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ لانس نائیک محمد محفوظ شہید پوری قوم کے لیے حوصلے، عزم اور قربانی کی علامت ہیں۔ انہوں نے ثابت کیا کہ ایک سچے پاکستانی سپاہی کے لیے فرض کی ادائیگی میں شہادت سے بڑا کوئی اعزاز نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ لانس نائیک محمد محفوظ شہید کا نام ہمیشہ تاریخ میں زندہ رہے گا اور آنے والی نسلیں ان کی جرات، قربانی اور حب الوطنی سے سبق حاصل کرتی رہیں گی۔
سیو آور پاک
