ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان نے معرکہ حق میں نہایت ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو مؤثر جواب دے کر شکست دی۔ انہوں نے معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر پوری قوم کو مبارکباد بھی پیش کی۔
پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے افسران کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان کی مسلح افواج قوم کی امیدوں پر پورا اتریں اور ہر محاذ پر کامیابی حاصل کی۔
انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کو ایک سال گزر چکا ہے، لیکن آج بھی کئی سوالات موجود ہیں جن کے جواب نہ بھارتی حکومت دے سکی اور نہ ہی عالمی برادری کو کوئی واضح ثبوت دکھائے گئے۔ ان کے مطابق واقعے کے چند ہی منٹ بعد بھارت میں ایف آئی آر درج کر دی گئی اور فوری طور پر پاکستان پر الزام لگا دیا گیا، حالانکہ آج تک کوئی مضبوط ثبوت سامنے نہیں آیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ جنگ میں کیا ہوا، یہ بات بھارت کا ہر شہری جانتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج ہمیشہ قوم کی توقعات پر پورا اتری ہیں اور ایک سال پہلے بھارت کے غرور کو خاک میں ملا دیا گیا تھا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حقیقت میں بھارت خود خطے کا سب سے بڑا دہشت گرد ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ بھارت یہ بتائے کہ اس نے کس دہشت گرد کیمپ کو نشانہ بنایا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج ایک پیشہ ور فوج تھی، لیکن اب سیاست کا شکار ہو چکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کئی دہائیوں سے دنیا کے سامنے یہ جھوٹا بیانیہ پیش کرتا رہا کہ پاکستان دہشت گردی میں ملوث ہے، مگر اب یہ بیانیہ ہمیشہ کے لیے دفن ہو چکا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کشمیر بھارت کا اندرونی مسئلہ نہیں بلکہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے جس کا حل ابھی باقی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پہلگام واقعے کے حوالے سے بھارت آج تک کوئی قابلِ قبول ثبوت پیش نہیں کر سکا، جبکہ خطے میں امن کے لیے سب سے زیادہ کوششیں پاکستان کر رہا ہے۔ انہوں نے بھارتی میڈیا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ سچ بولنا سیکھے، کیونکہ بھارتی بیانات سے لگتا ہے کہ وہاں سیاستدانوں سے زیادہ جنگجو موجود ہیں۔
انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ کوئی بھی طاقت پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔ ان کے مطابق پاکستان ہر وقت دفاع کے لیے تیار تھا اور آج بھی مکمل تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ عسکری قیادت، سیاسی قیادت اور پوری قوم ایک صفحے پر کھڑی ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے مزید کہا کہ دو جوہری طاقتوں کے درمیان جنگ پاگل پن کے برابر ہے اور ایسی جنگ کی کسی صورت گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔
سیو آور پاک
