پاکستان کو سعودی عرب کی جانب سے مزید ایک ارب ڈالر موصول ہو گئے ہیں، جس سے ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق سعودی عرب کی طرف سے تین ارب ڈالر کے ڈپازٹ میں سے ایک ارب ڈالر کی دوسری قسط پاکستان کو منتقل کر دی گئی ہے۔ یہ رقم سعودی وزارت خزانہ نے براہ راست اسٹیٹ بینک کو فراہم کی ہے۔
اس سے پہلے 15 اپریل کو پاکستان کو پہلی قسط کے طور پر دو ارب ڈالر موصول ہوئے تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے اس تعاون سے نہ صرف زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا بلکہ ملکی معیشت کو بھی استحکام ملے گا۔
یاد رہے کہ اسٹیٹ بینک پہلے ہی بتا چکا تھا کہ سعودی عرب نے مجموعی طور پر تین ارب ڈالر کی مالی معاونت فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے تاکہ پاکستان کے مالی ذخائر مضبوط ہو سکیں۔
بعد ازاں سعودی عرب نے پاکستان میں رکھے گئے تین ارب ڈالر کے ڈپازٹ کو مزید مدت کے لیے برقرار رکھنے کا بھی فیصلہ کیا تھا۔ اس سلسلے میں اسٹیٹ بینک اور سعودی فنڈ برائے ترقی کے درمیان باقاعدہ معاہدہ کیا گیا۔
یہ معاہدہ امریکا کے شہر واشنگٹن ڈی سی میں ایک تقریب کے دوران طے پایا، جس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے شرکت کی۔ اس موقع پر امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر بھی موجود تھے۔ یہ تقریب عالمی بینک اور عالمی مالیاتی فنڈ کے بہار اجلاس 2026 کے موقع پر منعقد ہوئی تھی۔
اعلامیے کے مطابق اس معاہدے کے تحت سعودی فنڈ برائے ترقی اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے درمیان تین ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کی گئی ہے، جس سے پاکستان کی معیشت کو مزید سہارا ملنے کی توقع ہے۔
سیو آور پاک
