شبِ برات آج پورے ملک میں مذہبی عقیدت اور احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر ملک بھر کی مساجد میں خصوصی شب بیداری کا اہتمام کیا گیا ہے، جہاں عبادت گزار رات بھر نوافل اور دیگر نفلی عبادات میں مصروف رہیں گے۔
مساجد میں اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں اپنی ذات، اہلِ خانہ، دوست احباب، ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ ذکرِ الٰہی، حسنِ قرات، حمد و نعت اور درود و سلام کی روح پرور محافل بھی منعقد کی جا رہی ہیں۔
شبِ برات کا مطلب نجات اور بخشش کی رات ہے۔ یہ وہ بابرکت رات ہے جس میں مسلمان اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ ریز ہو کر اپنے گناہوں کی معافی مانگتے ہیں اور آئندہ زندگی گناہوں سے بچانے کا عزم کرتے ہیں۔ اس رات کو جہنم کی آگ سے نجات اور رحمت کی رات بھی کہا جاتا ہے۔
ملک بھر میں مساجد کو خوبصورت اور رنگ برنگی روشنیوں سے سجایا گیا ہے۔ لاہور میں داتا دربار، بادشاہی مسجد اور دیگر بڑی مساجد میں خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ عبادت گزار یکسوئی کے ساتھ عبادات ادا کر سکیں۔
نفلی عبادات کے ساتھ بڑی تعداد میں لوگ اپنے مرحوم عزیزوں کی قبروں پر بھی حاضری دیں گے، جہاں قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کے ذریعے ایصالِ ثواب کیا جائے گا۔ شبِ برات کے احترام میں کئی افراد نفلی روزہ بھی رکھ رہے ہیں۔
سیکیورٹی کے حوالے سے وزیرِ داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے ہدایت دی ہے کہ شبِ برات کے موقع پر صوبے بھر میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں۔ دوسری جانب لاہور پولیس نے بھی شہر بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں، جبکہ حساس مساجد اور امام بارگاہوں پر ایلیٹ فورس کے اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
شبِ برات کو لیلۃ المبارکہ اور لیلۃ الرحمۃ بھی کہا جاتا ہے۔ یہ رات دراصل توبہ، استغفار، اعمال کی اصلاح، رزق میں برکت اور صحت و تندرستی کے لیے دعاؤں کی رات ہے، جس میں اہلِ ایمان اللہ رب العزت کے حضور عاجزی کے ساتھ دعائیں مانگتے ہیں۔
سیو آور پاک
